لاہور: چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ نیوٹرل وینیو پر ٹیسٹ سیریز کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ بھارت کے ساتھ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ پاک بھارت ٹیسٹ سیریز آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا میں ہوسکتی ہے۔ پاک بھارت سیریز کے لیے پہلا آپشن انگلینڈ اور دوسرا آسٹریلیا ہوگا۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ اگرآسٹریلیا میں ہاؤس فُل ہوسکتا ہے تو ٹھیک ہے یہ بڑا اچھا ہوگا۔ بھارت کے ساتھ ٹیسٹ سیریز کیلیے دبئی ہمیں سستا پڑے گا۔ آسٹریلیا کو بھی ہم نے نیوٹرل وینیو کے طورپر ریڈار پر رکھا ہے۔
ایشیا کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کیلیے بھارت کو ہائبرڈ ماڈل دے چکے ہیں۔ ورلڈکپ اور چیمپئنز ٹرافی کو بچانے کیلیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگے آنا ہوگا۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ آئی سی سی کو بھارت کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔ آئی سی سی کو بھارت کو کہنا چاہیے کہ پاکستان جاکر نہیں کھیلنا تو ہائبرڈ ماڈل اپنائیں۔