14ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر ہاکی ٹیم کے غیرملکی کوچ مستعفی

کراچی(اسپورٹس ڈیسک)14 ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر پاکستان ہاکی ٹیم کے غیر ملکی ہیڈ کوچ نے استعفیٰ دے دیا ۔  ڈچ کوچ سیگفریڈ ایکمین نے تنخواہ کی عدم ادائیگی پرانٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے رجوع کرنے کا عندیہ بھی دے دیا

سیگفریڈ ایکمین پاکستان سے قبل جاپان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ رہ چکے ہیں۔میڈیا رپورٹس  کے مطابق 8 ہزار یورو ماہانہ کی تنخواہ پر خدمات انجام دینے والے ایکمین کو پاکستان اسپورٹس بورڈ نے گزشتہ 14 ماہ سے تنخواہ ادا نہیں کی۔

ایمسٹرڈیم میں موجود سیگفریڈ ایکمین نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے پر انہیں ان کا حق ضرور مل جائے گا،لیکن موجودہ حالات میں مالی مسائل کے سبب اپنے اہل خانہ کی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے آگے قدم بڑھانا ہے۔

ایکمین نے13 مارچ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر اور سیکرٹری جنرل، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور وزیر اعظم کے دفتر سے درخواست کی تھی کہ ایک برس سے رکی ہوئی تنخواہ جاری کی جائے تاکہ پاکستان جونیئر ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے موزوں تیاری کر سکے۔ تاہم یاددہانی کے باوجود ان کو کوئی جواب نہیں ملا۔