لاہور(امت نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کا انتخاب کل (منگل) کو لاہور میں ہوگا۔ چوہدری ذکاء اشرف کے نئے چئیرمین منتخب ہونے کا قوی امکان ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ کا تاج کس کے سر سجے گا۔ اس کے لیے انتخابی عمل منگل کی دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگا، کوئی اعتراض سامنے آنے کی صورت میں ایڈجیوڈیکیٹر جسٹس ریٹائرڈ تصدق جیلانی موقع پر ہی فیصلہ کرکے انتخابی عمل کو مکمل کریں گے۔
الیکشن کمشنر شہزاد فاروق رانا انتخابی اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے الیکشن کو مانیٹر کرنے کے لیے سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان تصدق حسین جیلانی کو ایڈ جیوڈیکٹر مقرر کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پی سی بی گورننگ بورڈ کے لیے 2 نام چوہدری ذکاء اشرف اور مصطفٰی رمدے کے بھیجے گئے ہیں جبکہ بی او جی کے دیگر ارکان میں 4 ریجنز لاڑکانہ، ڈیرہ مراد جمالی، حیدر آباد اور بہاولپور کے صدور جبکہ 4 محکموں نیشنل بینک، اسٹیٹ بینک، سوئی ناردرن اور سوئی سدرن گیس کے نمائندے حق رائے دہی استعمال کریں گے۔