گوالیار: اپنے فیس بک دوست سے شادی کے لیے پاکستان آنے والی 34 سالہ بھارتی خاتون انجو کے والد اور بھائی کا بیان سامنے آگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق شادی شدہ مسیحی خاتون انجو نے پاکستان جا کر اپنے 29 سالہ دوست سے شادی کرنے کے لیے اسلام قبول کرلیا ،جس پر اس کے سابق شوہر، والد اور بھائی نے شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں انجو کے والد تھامس نے اپنی بیٹی کی اس حرکت پر کہا کہ وہ ہمارے لیے مر گئی، دعا ہےکہ وہ مر ہی جائے۔ اس نے اپنی 13 سالہ بیٹی اور 5 سالہ بیٹے کا مستقبل تباہ بھی کردیا۔ اسے جانا تھا تو شوہر سے طلاق لیکر پاکستان جاتی۔بیٹی کو پاکستان سے واپس لانے کے لیے بھارتی حکومت سے اپیل کی تجویز پر انجو کے والد نے کہا کہ وہ ایسا نہیں کریں گے۔
اسی طرح انجو کے بھائی ڈیوڈ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ بہن اور بہنوئی کے تعلقات اچھے تھے پتا نہیں کیوں وہ پاکستان چلی گئی۔ ہم اب تک حیران ہیں کہ انجو سے ایسا کیوں کیا۔ اس کی کوئی وجہ نہیں بنتی تھی۔ انجو کا کہنا ہے کہ وہ مجبوری میں اپنے شوہر کے ساتھ رہ رہی تھی۔