اسلام آباد:ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کو بھی طلب کرلیا،خواجہ حارث کو آج دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا۔
گزشتہ روز ایف آئی اے نے عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا سے کئی گھنٹے تفتیش کی۔ پنجوتھا کا دعوی ہے کہ انہیں 8 گھنٹے تک روکا رکھا گیا اور کہا گیا کہ جب تک اوپر سے حکم نہیں آتا انہیں جانے نہیں دیا جائے گا۔
پنجوتھا جب کئی گھنٹے ایف آئی اے کے دفتر سے واپس نہیں آئے تو ان کی گرفتاری کی افواہیں پھیل گئی۔ تاہم بعد ازاں وہ سامنے آگئے۔ چیئرمیں پی ٹی آئی کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھا نے اپنے ٹوئٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انھیں آٹھ گھنٹے حبس بجا میں رکھنے کے بعد چھوڑا گیا۔
آٹھ گھنٹے حبس بجا میں رکھنے کے بعد مجھے چھوڑا گیا. pic.twitter.com/1Ojp0EujMw
— Naeem Haider Panjutha (@NaeemPanjuthaa) August 8, 2023
نعیم حیدر پنجوتھا کی طرح چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث کو سیشن جج ہمایوں دلاور کی جعلی فیس بک پوسٹ کی انکوائری کے لیے طلب کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے خواجہ حارث کو طلبی کا نوٹس جاری کیا اور وہ آج دوپہر 2 بجے ایف آئی اے سائبرکرائم سیل کے سامنے پیش ہوں گے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر انکوائری شروع ہوئی ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق پیش نہ ہونے کی صورت میں سمجھا جائےگا آپ کے پاس اپنے دفاع میں کہنےکو کچھ نہیں۔