فرانس حکومت نے گھٹنے ٹیک دیے، کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان

اضافے کے بعد ماہانہ کم از کم اجرت بڑھ کر ایک ہزار 502 یورو ہوجائے گی، جو موجودہ اجرت سے 24 یورو زیادہ ہے،مزدور تنظیموں نے حکومتی اعلان کو ناکافی قرار دیدیا

November 10, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پیرس: فرانس میں مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف جاری مظاہروں کے بعد حکومت نے کم از کم اجرت میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد جنوری کے بجائے دسمبر سے کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانسیسی وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو نے مزدور تنظیموں اور کاروباری شعبے کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ کم از کم اجرت میں دسمبر سے 1 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔

فرانسیسی وزیر محنت کے مطابق اضافے کے بعد ماہانہ کم از کم اجرت بڑھ کر ایک ہزار 502 یورو ہوجائے گی، جو موجودہ اجرت سے 24 یورو زیادہ ہے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ معمول کے مطابق یکم جنوری کے بجائے دسمبر میں کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو درپیش مہنگائی اور قوت خرید میں کمی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔

تاہم مزدور تنظیموں نے حکومتی اعلان کو ناکافی قرار دیا ہے، فرانس کی سب سے بڑی مزدور تنظیم سی ایف ڈی ٹی نے کم از کم اجرت میں 100 یورو اضافے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ بائیں بازو کی تنظیم سی جی ٹی تقریباً 150 یورو اضافے کی خواہاں ہے۔

سی ایف ڈی ٹی کی سربراہ ماریلیز لیون نے حکومتی اعلان کو ناکافی قرار دیا جبکہ سی جی ٹی کی سربراہ سوفی بینے نے اضافے کو معمولی قرار دیتے ہوئے 17 نومبر کو نئے احتجاج کی اپیل کردی۔