بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ سلامتی کونسل قراردادوں کی بھی نفی کرتا ہے، فائل فوٹو
بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ سلامتی کونسل قراردادوں کی بھی نفی کرتا ہے، فائل فوٹو

اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے کوئی سوچ نہیں،نگراں وزیر خارجہ

اسلام آباد: نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعظم نے جنرل اسمبلی اجلاس میں اہم خطاب کیا، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے ہماری کوئی سوچ نہیں۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے موقع پر متعدد کانفرنسز میں شرکت کی، نگران وزیراعظم نے مختلف کانفرنسز سے خطاب بھی کیا، نگران وزیراعظم نے دورہ امریکا کے دوران ایران اور ازبکستان کے صدور اور چین کے نائب صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں کیں، وہاں انہں ںے بل گیٹس سمیت مختلف رہنماؤں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں کشمیر سمیت مختلف اجلاسوں میں شرکت کی اور او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر نے واضح الفاظ میں کشمیری بھائیوں کی حمایت کا اعلان کیا۔

جلیل عباس نے کہا کہ رابطہ گروپ کے اجلاس میں بھارتی افواج کی جارحیت کی مذمت کی گئی اور اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کا مطالبہ کیا، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے حوالے سے کانفرنس میں بھی شرکت کی جب کہ میری 20 کے قریب دوطرفہ ملاقاتیں ہوئی ہیں، دورے کے دوران یو ایس پاکستان بزنس کونسل اور تھنک ٹینک کے ساتھ میٹنگ میں بھی شرکت کی۔

نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں امریکا میں بھی سوالات ہوئے، پاکستان اس حوالے سے ہر فیصلہ قومی مفاد کو مد نظر رکھ کر کرے گا، پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں کوئی سوچ نہیں پائی جاتی، فلسطینوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے، مسئلہ فلسطین کا حل آزاد ریاست ہے اور القدس کو آزاد فلسطین ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔