شاہدرہ فلائی اوور کا کام 6 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل

لاہور (اُمت نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور کا ایک اور میگا پراجیکٹ شاہدرہ فلائی اوور مکمل ہونے کے بعد آج ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا جس کا افتتاح نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کریں گے۔
خیال رہے کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کا 10 ماہ کا کام ریکارڈ 6 ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کیا گیا ہے جہاں جی ٹی روڈ اور این فائیو سے منسلک تین، تین لینز پر مشتمل 850 میٹر طویل دو رویہ فلائی اوورز تعمیر کیے گئے ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی مانیٹرنگ کی بدولت شاہدرہ چوک فلائی اوور 6 ماہ سے بھی کم مدت میں ٹریفک کیلئے کھولا جا رہا ہے جس کی بدولت شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے پر ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا۔
اس حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شاہدرہ فلائی اوورز سے یومیہ تین لاکھ سے زائد گاڑیاں مستعفید ہوں گی اور شہریوں کے قیمتی وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منصوبے سے لاہور شہر، شاہدرہ، پرانا راوی، کوٹ عبدالمالک، کالا شاہ کاکو، لاہور رنگ روڈ اور ملحقہ علاقے مستفید ہوں گے۔