لاہور ( اُمت نیوز) اپنے ملک میں ہارنے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے 2027 میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ابھی سے رکاوٹیں کھڑی کرنا شروع کر دیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق بھارت 2027ء میں کرکٹ ورلڈ کپ کا فارمیٹ تبدیل کرانے پر بضد ہو گیا اور ورلڈ کپ 14 کے بجائے 10 ٹیموں کا کرانا چاہتا ہے جس کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
اخبار کے مطابق آئی سی سی تاحال بھارتی مطالبے پر راضی نہیں ہوا کیونکہ 2 سال قبل 2027ء میں 14 ٹیموں کا ورلڈ کپ کنفرم کیا جا چکا ہے اور ٹورنامنٹ فارمیٹ کی بنیاد پر نشریاتی حقوق بھی فروخت کر دیئے گئے ہیں۔
2027ء کا مینز ون ڈے ورلڈ کپ جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں 14 ٹیموں کے درمیان 54 مقابلے ہوں گے جبکہ بھارت اس ورلڈ کپ کو 10 کیساتھ کرانے کیلئے کوششیں کر رہا ہے، بی سی سی آئی معاملہ آئندہ آئی سی سی اجلاسوں کے دوران اٹھائے گا۔
برطانوی اخبار کے مطابق 14 ٹیموں کا مطلب ہے کہ 7، 7 ٹیموں کے دو گروپ ہوں گے، ہر گروپ کی ٹاپ تھری ٹیمیں سپر سکس مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی اور پھر سیمی فائنل اور فائنل ہوں گے۔
بھارتی براڈ کاسٹرز کو ڈر ہے کہ اس فارمیٹ کی وجہ سے بھارت جلد ورلڈ کپ سے باہر ہو سکتا ہے جس کی وجہ ان کی ویورشپ میں کمی کے باعث مالی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔