نورمقدم قتل کے مجرم ظاہر جعفر کو قونصلر رسائی دیدی گئی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پیش آئے نور مقدم قتل کے سزا یافتہ مجرم ظاہر جعفر کو قونصلر رسائی دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نور مقدم کیس میں سزائے موت کے قیدی ظاہر جعفر سے امریکی سفارت خانے کے حکام نے ملاقات کی، امریکی سفارتخانے کے وفد میں ظاہر جعفر کے وکیل بھی شامل تھے، اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران امریکی وفد نے ظاہر جعفر سے جیل میں اسیری اور صحت کے بارے دریافت کیا۔امریکی سفارت خانے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ امریکی سفارت خانے کے افسروں نے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا ہے۔

آج امریکن سٹیزن سروسز سیکشن کے ایک ورکنگ لیول کے قونصلر آفیسر اڈیالہ جیل گئے اور ایک امریکی شہری قیدی کی خیریت جاننے کے لیے اڈیالہ جیل کا دورہ کیا، جیلوں میں قید امریکی شہریوں کی حالت کا جائزہ لینا ایک معمول ہے۔یاد رہے کہ نورمقدم قتل کیس میں ظاہر جعفر کو ٹرائل کورٹ نے ایک جرم میں عمر قید اور دیگر میں سزائے موت سنائی تھی جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمرقید کو بھی سزائے موت میں تبدیل کردیا تھا، عدالت میں جرم ثابت ہونے پر ظاہر جعفر کو مجموعی طور پر 11 سال سزا، 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔