کینبرا: (اُمت نیوز) کینبرا میں پاکستان اور پرائم منسٹر الیون کے درمیان چار روزہ میچ کے پہلے دن کے اختتام پر شاہینوں نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے۔
کینبرا کے مانوکا اوول گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن امام الحق 9 رنز بنا کر بکنگھم کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
عبداللہ شفیق 38 رنز بنا کر سٹیکیٹی کا شکار بنے جبکہ بابر اعظم بھی 40 رنز بنا کر بکنگھم کا شکار بنے۔
بعدازاں سعود شکیل اور سرفراز احمد بھی زیادہ دیر کپتان کا ساتھ نہ دے سکے تاہم بائیں ہاتھ کے بلے باز 13 جبکہ وکٹ کیپر بلے باز 41 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف بھی پچ پر نہ ٹھہر سکے اور محض 17 رنز بنا کر چلتے بنے۔
پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 324 رنز بنا لیے ہیں، قومی کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔