شریک حیات کو نقلی پستول سے ڈرانے والے کو پولیس نے اصلی گولی مار دی

حملہ آور کے پاس موجود پستول اصلی نہیں بلکہ نقلی تھا، تاہم اس کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا۔

October 27, 2026 · بام دنیا
شریک حیات کو نقلی پستول سے ڈرانے والے کو پولیس نے اصلی گولی مار دی

شریک حیات کو نقلی پستول سے ڈرانے والے کو پولیس نے اصلی گولی مار دی

برازیل: شہر کریسیوما میں دن دہاڑے ایک شخص نے سڑک پر اپنی بیوی پر حملہ کر دیا، جس کے بعد پولیس افسر نے مداخلت کرتے ہوئے حملہ آور کو گولی مار دی۔ واقعے کی ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نے خاتون کے سر پر  نقلی پستول رکھ کر اسے دھمکیاں دیں اور بار بار اس کے سر پر مکے مارتا رہا۔ موقع پر موجود افراد نے شور مچا کر اسے روکنے اور خاتون کی جان بچانے کی کوشش کی۔

واقعے کے دوران پولیس افسر نے حملہ آور کو ہتھیار نیچے رکھنے کا حکم دیا، تاہم اس نے حکم ماننے کے بجائے خاتون پر حملہ جاری رکھا۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پولیس افسر نے دو گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں حملہ آور زمین پر گر گیا۔

بعد ازاں معلوم ہوا کہ حملہ آور کے پاس موجود پستول اصلی نہیں بلکہ نقلی تھا، تاہم اس کے قبضے سے ایک چاقو بھی برآمد ہوا۔ واقعے میں زخمی ہونے والے دونوں افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں سے متعلق اطلاعات کے مطابق کسی کی موت نہیں ہوئی۔