کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے گلستان جوہر بلاک2میں بے لگام ڈاکوؤں کی فائرنگ سے گاڑی میں سوار2بھائیوں کو گاڑی نہ روکنے پر فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان 25سالہ علی حسین رضوی کے جاں بحق ہونے اور زخمی بھائی کو اسپتال پہنچانے کے دوران گاڑی الٹ جانے سے دوسرے بھائی علی حسین کے زخمی ہونے والے واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے محکمہ پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ امن و امان کی بدترین صورتحال، مسلح ڈکیتیوں اور لوٹ مار کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
منی پاکستان کراچی ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری کے بعد اب اسٹریٹ کرمنلز اور ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال ہوچکا ہے،شہری آئے روز اندھی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں مگر ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور سندھ پولیس خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کو کوئی تحفظ نہیں، مسلح ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ حاصل ہے اور ان وادراتوں میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی معمول بن گیا ہے پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے خود ڈاکہ زنی اور لوگوں کے اغوا میں ملوث ہے سال رواں کے دوران شہر کراچی میں مسلح ڈکیتوں اور جرائم پیشہ عناصر کی گولیوں سے 115افراد گولیوں کا نشانہ بن کر جان کی بازی ہارچکے اور کئی خاندان اجڑگئے۔