نیو یارک اسٹرائیکرز گزشتہ ایڈیشن میں ابوظہبی ٹی 10 کا حصہ بنی تھی، فائل فوٹو
نیو یارک اسٹرائیکرز گزشتہ ایڈیشن میں ابوظہبی ٹی 10 کا حصہ بنی تھی، فائل فوٹو

نیو یارک اسٹرائیکرز نے ٹی ٹین لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

ابوظہبی: نیو یارک اسٹرائیکرز نے گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں دکن گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا بدلہ لیتے ہوئے 7 ویں ایڈیشن میں ابوظہبی ٹی 10 کے نئے چیمپیئن کا تاج پہن لیا ۔ یہ میچ انہوں نے 7 وکٹوں سے اپنے نام کیا۔ پاکستانی بلے باز آصف علی نے 25 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے کپتان کیرون پولارڈ کے چوتھی وکٹ کے لیے 29 گیندوں پر 56 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی۔

پولارڈ نے 13 گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 21 رنز بنائے اور چار گیندیں باقی رہتے ہوئے فائنل جیت لیا۔ اس طرح انہوں نے ٹرافی اٹھائی اور ایک لاکھ ڈالر انعامی رقم وصول کی۔

نیو یارک اسٹرائیکرز گزشتہ ایڈیشن میں ابوظہبی ٹی 10 کا حصہ بنی تھی اور دونوں میں فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ گلیڈی ایٹرز گزشتہ دو ایڈیشن کی فاتح تھی اور اس بار جیت کی ہیٹ ٹرک کرنے کی خواہش مند تھی تاہم اس کا یہ خواب پورا نہ ہوسکا اور اسے رنراپ کے طور پر 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم ملی۔

گلیڈئیٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اووز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 91 رنز بنائے سٹرائیکرز نے یہ اسکور 9.2  اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ۔ گزشتہ ایڈیشن میں گلیڈئیٹرز نے اسٹرائیکرز کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔ آصف علی کو میچ آف دی میچ، عقیل حسین ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور بائولر، ٹام کوہلر بہترین بلے باز اور محمد جواد اللہ یواے ای کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔