اسلام آباد،تیز رفتار کار پول سے ٹکرا گئی،ایک جاں بحق، 2 شدید زخمی

اسلام آباد(اُمت نیوز) اسلام آباد میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر پول سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2 شدید زخمی ہو گئے۔

ٹریفک کا افسوسناک حادثہ اسلام آباد کے علاقے جناح ایونیو پر چائنہ چوک کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر سامنے پول سے ٹکرا گئی،
حادثے میں ایک نوجوان موقع پر دم توڑ گیا جبکہ 2 زخمی ہو گئے، جاں بحق نوجوان کی شناخت 25 سالہ رفیع کے نام سے ہوئی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی، لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے، زخمی ہونے والوں میں 20 سالہ سمیر اور 25 سالہ عمیر شامل ہیں، پولیس نے جائے حادثہ کا جائزہ لینے کے بعد تفتیش شروع کر دی۔