کراچی(اسٹاف رپورٹر )ملکی معیشت کے استحکام کے حوالے سے ہفتے کو کراچی کے مقامی ہوٹل میں آئی پی او سمٹ 2024منعقد ہوئی جس میں نگراں وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر سمیت کیپیٹل مارکیٹ سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور تجاویز پیش کیں ۔ نیشنل کلئیرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی شراکت سے سمٹ منعقد ہوئی ۔اس موقع پرنیشنل کلئیرنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد لقمان نے کہا کہ آئی پی اوز کے ذریعے پاکستان کے کارپوریٹ سیکٹر کیلئے اپنا کیپیٹل بڑھانے اور سرمائے کا حصول آسان ہوگیا ہے، ان کا کہنا تھاکہ آئی پی اوز کے ذریعے سرمائے کے حصول کو آسان بنانے میں پی ایس ایکس کے ساتھ این سی سی پی ایل کا اہم کردار ہے، تمام پراسیس کو خودکار نظام میں ڈھالنے سے کارپوریٹ سیکٹر کو کیپیٹل گینز کے حوالے سے کافی آسانیاں ہوگئی ہیں، انہوں نے کہا کہ یوآئی این میں بھی سرمایہ کاروں کو آن بورڈ کرنے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے جس کی وجہ سے این سی سی پی ایل، سی ڈی سی اور پی ایس ایکس کے ساتھ ملکر کمپنیاں ناصرف اپنا کیپیٹل بڑھاسکتی ہیں بلکہ چھوٹے سرمایہ کار بھی گھر بیٹھے اپنے موبائل فونز کے ذریعے آئی پی اوز میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔سی او او عمران احمد خان و دیگر کا کہنا تھا کہ ریاست کو ملکی ترقی کے لئے فیصلہ سازی میں سب کو شریک کرنا ہو گا۔آئی پی او سمٹ میں کیپیٹل مارکیٹ سے وابستہ کئی کمپنیز کے اسٹالز بھی لگائے گئے ۔
آئی پی او سمٹ