کراچی: ایم کیو ایم پاکستان سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ باغ جناح گراونڈ میں جلسے سے خطاب میں سینئررہنماء فاروق ستار نے کہا کہ آج نکاح ہوا 8 فروری کو ولیمہ کھائیں گے۔ جلسے سے خطاب میں فاروق ستار نے مزید کہا کہ کراچی کےعوام نے ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دے دیا، آج کا جلسہ بتا رہا ہے کہ سندھ بدل رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بہت جلد کراچی میں سرکلرریلوے چلے گی، سندھ میں 15 سال تک ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، بد ترین حکمرانوں سے جان چھوٹنے والی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو مظلوموں کو آزادی ملے گی، پنجاب میں آج بھی گیس آرہی ہے لیکن کراچی میں نہیں۔ انھوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والے شہر کو گیس میسر نہیں ہے، مائیں بہنیں پوچھتی ہیں کب تک باہر سے کھانا منگوائیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی والوں آئی لو یو، اگر اب کراچی کے نتائج میں دھاندلی ہوئی تو یہ مجمع تمارے گھروں میں گھس جائے گا۔انھوں نے کہا کہ آج فیصلہ ہوگیا کراچی حیدرآباد اور سندھ کے دیگر اضلاع میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرا دینگے۔ بلاول صاحب ایم کیو ایم کے بغیر آپ کے بڑے بھی کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکے تو آپ کیسے بنیں گے۔ آپ نے ہم کو انصاف نہیں دیا ہم آپکے خلاف ہیں۔