کراچی(پ ر)کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای)نے صوبہ بلوچستان کے خضدار اور وڈھ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی احتجاجی ریلی کی کوریج پر مقدمات میں نامزدگی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نامزد صحافیوں کے خلاف درج مقدمات فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف، سینئر نائب صدر انور ساجدی، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق اور نائب صدر عارف بلوچ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ خضدار کے سینئر صحافی ندیم گرگناڑی اور وڈھ میں روزنامہ آزادی کے رپورٹر مسعود احمد کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ریلی کے حوالے سے درج مقدمات میں نامزد کرنا انتہائی تشویشناک، آزادی صحافت پر قدغن کے مترادف ہے جو آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے تک رسائی کے حق کے منافی ہے۔ صحافیوں کے خلاف مقامی پولیس کا یہ اقدام قابل مذمت ہے۔
سی پی این ای کے رہنمائوں نے نگراں وزیر داخلہ بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان سے معاملے کا نوٹس لیکر تحقیقات کرنے اور صحافیوں کے نام مقدمات سے نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آزادی صحافت سی پی این ای کا اولین نصب العین ہے، خضدار اور وڈھ کے صحافیوں کے ساتھ ہے اگر اس قسم کی کارروائیاں نہ روکی گئیں تو سی پی این ای آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔