بھارت کا پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا ہولناک منصوبہ بے نقاب

اسلام آباد: پاکستان نے اپنی سرزمین پر پاکستانی شہریوں کے قتل میں ملوث دو بھارتیوں کو بے نقاب کردیا ہے جنہوں نے بطور ہینڈلرز پاکستانی شہریوں کو قتل کرایا۔ ایک مقامی اجرتی قاتل کو گرفتار بھی کر لیا ہے جس نے اعترافات کرلیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کا پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کا ہولناک منصوبہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت نے خطے اور بالخصوص پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں اور خطے کے ممالک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی ہے۔ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے بھارت کے دہشتگرد گروہ اور بھارتی ہینڈلرز/سہولت کاروں جو کہ دہشتگردانہ کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے،ان کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کر دیا ہے۔

پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے شواہد کی بنیاد پر بے نقاب کیا کہ محمد ریاض اور شاہد لطیف کے قتل میں بھارتی شہری اشوک کمار آنند اور یوگیش کمار براہ راست ملوث ہیں۔ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد ریاض اور شاہد لطیف کے ٹارگٹ کلرز کو ناقابل تردید شواہد کی روشنی میں گرفتار کیا۔

قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔محمد ریاض کو 8 ستمبر 2023ء کو راولا کوٹ جبکہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر 2023ء کو ڈسکہ میں ٹارگٹ کلرز نے قتل کیا۔

قتل کئے جانے محمد ریاض اور شاہد طیف پرامن شہری تھے اور ان کا قصور صرف یہ تھا کہ انھوں نے کشمیر میں جاری ظلم اور بربریت اور بھارت کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کیا۔ تحقیقاتی اداروں کے پاس مستند شواہد ہیں کہ اس پوری ٹارگٹڈ کلنگ مہم میں تیسرے ملک میں موجود بھارتی شہری شامل ہیں جو کہ اس کی فنڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایات بھی دے رہے تھے اور مہم کو کنٹرول بھی کر رہے تھے۔

بھارت نےپاکستان سمیت دیگر ممالک میں مختلف معصوم افراد کو دہشتگردانہ کارروائیوں میں قتل کیا۔ مگر ان کی سرگرمیوں کے بارے کوئی بھی ٹھوس شواہد فراہم نہیں کیے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔ بھارت Universal Declaration of Human Rights(UDHR)کے آرٹیکل3 اورInternational Covenant of Civil and Political Rights(ICCPR) کے آرٹیکل 2 (4)کی مکمل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی راء ایک عالمی دہشتگرد تنظیم کا کرادار ادا کر رہی ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان میں اور بین الاقوامی سطح پر بھارتی ایجنسیوں کے ریاستی سرپرستی میں کئے جانے والے ماورائے عدالت قتل کے منصوبے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔

بھارت نے گذشتہ سال سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا ۔ کینیڈا نے اس پر شدید سفارتی رد عمل ظاہر کیا اور اس قتل کو عالمی سطح پر اجاگر کیابھارت نے اُن تمام سکھ رہنماؤں کو قتل کا منصوبہ بنایا جو بھارت کی ظالمانہ کارروائیوں کے خلاف آواز بلند کرتے تھے ۔نجر کے قتل کے بعد بھارت نے امریکا میں مقیم سکھ رہنما گر پتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ بنایا جو امریکی خفیہ اداروں کی بروقت کارروائی سے بے نقاب ہوا۔ اس قتل کی سازش کا ملزم امریکا میں عدالتی کارروائی کا سامنا کر رہا ہے۔ بھارت نے دنیا بھر میں راء کے ذریعے اجرتی قاتلوں کا ایک گروہ بنایا ہوا ہے۔

پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کی یہ ایک بڑی کامیابی ہے کہ اُنہوں نے اس گروہ کو پکڑا اور ثبوت منظر عام پر لائے۔ اقوام عالم کو چاہیے کہ وہ بھارت کی اس کھلم کھلا دہشتگردی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پرنوٹس لے کر اس سے جواب طلبی کرے۔ پاکستان کے سلامتی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھارتی دہشتگردی کا جواب دینے اور اپنے شہریوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہر وقت کوشاں ہیں۔