حسن اور حسین نواز وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

 

اسلام آباد(اُمت نیوز) احتساب عدالت نے میاں نواز شریف کے صاحبزادوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصرجاوید رانا نے میاں نوازشریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔

حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن، رانا عرفان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے، نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر، پراسیکیوٹر سہیل عارف بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

قاضی مصباح الحق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریفرنس میں ہائیکورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں، 12 مارچ کو حسن اور حسین نواز پاکستان آ کر عدالت پیش ہو جائیں گے۔

نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کہا کہ دو وارنٹ گرفتاری پہلے سے معطل کر دیئے گئے ہیں، ملزمان خود آ کر عدالت سرنڈر کر سکتے ہیں، خود عدالت پیش ہوں، ملزمان کو عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

بعدازاں احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

واضح رہے کہ نوازشریف کے صاحبزادوں نے وارنٹ معطلی کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا، حسین اور حسن نواز نے نیب ریفرنسز ایون فیلڈ، فلیگ شپ اور العزیزیہ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

احتساب عدالت نے 7 سال قبل دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دیا تھا۔