پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون کے چیف پلانر بریٹ سلویا کو عہدے سے ہٹا دیا

بریٹ سلویا جوائنٹ اسٹاف کے شعبہ اسٹریٹجی، پلانز اینڈ پالیسی کے سربراہ تھے

October 29, 2026 · بام دنیا
پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون کے چیف پلانر بریٹ سلویا کو عہدے سے ہٹا دیا

پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون کے چیف پلانر بریٹ سلویا کو عہدے سے ہٹا دیا

واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں اہم ذمہ داریاں انجام دینے والے لیفٹیننٹ جنرل بریٹ سلویا کو عہدے سے برطرف کردیا ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی برطرفی کی وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں، جبکہ ان کے جانشین کے نام کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔

امریکی اخبار دی اٹلانٹک اور دی ہِل کی رپورٹس کے مطابق بریٹ سلویا جوائنٹ اسٹاف کے شعبہ اسٹریٹجی، پلانز اینڈ پالیسی کے سربراہ تھے۔ اس شعبے کو فوجی اصطلاح میں جے فائیو (J-5) کہا جاتا ہے اور یہ امریکی فوجی حکمت عملی اور منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

دی اٹلانٹک کے مطابق بریٹ سلویا کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کے امکان پر غور کررہے ہیں۔ تاہم رپورٹ میں ان کی برطرفی اور ایران سے متعلق ممکنہ فوجی کارروائی کے درمیان کسی براہ راست تعلق کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دوسری جانب دی ہِل کے مطابق بریٹ سلویا ان دو درجن سے زائد اعلیٰ فوجی افسران میں شامل ہیں جنہیں پیٹ ہیگسیتھ کے وزیر دفاع کا منصب سنبھالنے کے بعد برطرف کیا گیا یا عہدہ چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔

تاحال امریکی حکام کی جانب سے بریٹ سلویا کو ہٹانے کی باضابطہ وجہ یا ان کے متبادل کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔