پتوکی میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

پتوکی (اُمت نیوز)پتوکی کے علاقے ناروکی میں 13 سالہ گھریلو ملازمہ کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق پتوکی کے علاقے ناروکی کی رہائشی 13سالہ طیبہ گھریلو ملازمہ تھی اور لوگوں کے گھروں میں کام کاج نہیں کرنا چاہتی تھی جبکہ والدہ کام کروانے پر باضد تھی اور انکار کرنے پر والدہ نے بچی پر تشدد بھی کیا جس پر طیبہ 2 روز سے کام پر نہیں جارہی تھی۔

پولیس کے مطابق دلبرداشتہ 13 سالہ طیبہ نے اپنے بھائی کو بھی بتایا کہ وہ خودکشی کرنے جارہی ہے اور بچی نے گھر میں اکیلی ہونے کا فائدہ اٹھا کر مبینہ اپنے ہی دوپٹے سے پھندا لے کر درخت سے لٹک گئی۔

بچی کے ماموں نے بتایا کہ طیبہ کے والد نے دوسری شادی کر رکھی ہے اور کئی سالوں سے گھر نہیں آیا، جس وجہ سے بچی کی والدہ اور بھائی محنت مزدوری کرکے گزر بسر کرتے ہیں۔

تھانہ سٹی پولیس اور کرائم سین کی ٹیموں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔

ایس ایچ او محمد اسلم بھٹی نے آج نیوز کو بتایا کہ تحقیقات جاری ہے اور لاش کا پوسٹ مارٹم کروا رہے ہیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ آیا یہ خودکشی ہے یا قتل۔