پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے: صدر مملکت

اسلام آباد (اُمت نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج ملک کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاکستان کی سلامتی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے۔

یوم پاکستان پر پریڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے وزیراعظم پاکستان اور مسلح افواج کے سربراہان کو سلام اور پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور امن کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، آج کا دن ہمارے لئے قومی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن برصغیر کے مسلمانوں نے ایک الگ وطن کا مطالبہ کیا، قائد اعظم کی قیادت میں 7 سال بعد ایک آزاد اور خودمختار ریاست قائم کی، پاکستانی قوم قیام پاکستان سے اب تک مختلف نشیب و فراز سے گزری ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ الحمدللہ آج ہم دفاعی اعتبار سے ایک مضبوط ملک ہیں، ہم نے بہت مشکلات کے باوجود دفاعی، صنعتی، ٹیکنالوجی و دیگر شعبوں میں ترقی کی منازل طے کیں، اس وقت پاکستان کو مختلف معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، بڑھتی آبادی، بیروزگاری اور غربت بڑے چیلنجز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے ملک کی ترقی اورمستقبل کے امین ہیں، پاکستان کے عوام محنتی اور ذہنی طور پر بہترین ہے۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان میں انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہو چکی ہے، ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کو مل کر حل کریں، ماضی میں بھی مشکلات کا مقابلہ کیا، اسی طرح آج بھی پاکستان کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔

انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں۔

صدر مملکت نے پاکستان کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کیلئے چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ اور دوست ممالک کا شکریہ ادا کیا۔