کراچی(امت نیوز)شہر قائد میں ہزاروں کی تعداد میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی موجودگی کے باوجود بلاروک ٹوک دندنانے والے ڈاکوؤں نے سرجانی ٹاون میں ایک اورنوجوان کی زندگی کا چراغ بجھادیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول 32 سالہ محمد زوہیب اپنے ماموں کے گھر روزہ افطار کرنے آیا تھا۔افطاری کے بعد واپس جاتے ہوئے ڈاکووں نے اس کو لوٹنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق،مزاحمت کرنے پرڈاکوؤں نے محمد زوہیب پرسیدھا فائر کیا جو اس کے سینے پر لگا اور وہ موقع پر ہی دم توڑگیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گولی لگنے سے مقتول کے موبائل کو بھی نقصان پہنچا ہے۔مقتول محمد زوہیب کی لاش کوعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولی کا ایک خول ملا ہے۔
مزید تحقیقات جاری ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز نارتھ کراچی میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے دکاندار 22 سالہ نوجوان عبدالرحمان کی جان لے لی تھی۔اس کی نمازجنازہ پیرکو سرجانی ٹاؤن میں ادا کی گئی۔