کراچی:ہائیڈرنٹ مافیا کا واٹربورڈ کی ٹیم پرحملہ،افسران واہلکار لہولہان

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کورنگی کےعلاقہ چکرا گوٹھ میں غیر قانونی ہائیڈرینٹ کے خلاف کاروائی کے دوران ٹینکرمافیا کے کارندوں نےواٹرکارپوریشن کی ٹیم پرحملہ کرکےافسران اور اہلکاروں کولہولہان کردیا، شر پسندوں نےواٹر کارپوریشن کی گاڑیوں کے شیشے توڑدیئےبعدازاں واٹر بورڈکےعملےنے رینجرزکی مددسےغیرقانونی ہائیڈرینٹ کومسمارکردیا۔

تفصیلات کےمطابق علاقہ ایم پی اے ملک فاروق اعوان کوعلاقہ میں قلت آب سےمتعلق مسلسل شکایات موصول ہورہی تھیں، علاقہ مکین پانی کی قلت کے باعث پریشانی میں مبتلاتھے۔ ملک فاروق اعوان نے واٹرکارپوریشن حکام کوعلاقہ سے پانی کی قلت دورکر کےعلاقہ مکینوں کی مشکلات کےازالےکی ہداہت جاری کی ۔علاقہ مکینوں کاکہنا تھا کہ علاقہ کوملنےوالا پانی ٹینکر مافیا چوری کررہا تھا،اس مقصد کےتحت چکرا گوٹھ میں غیر قانونی ہائیڈرینٹ بھی قائم کیاگیا تھا ۔

واٹرکارپوریشن ذرائع کےمطابق واٹر مافیانے یہاں علاقہ کوپانی فراہم کرنیوالی 35 انچ قطر کی لائن سے چار ،چارانچ کےچارکنکشن لیکرغیر قانونی ہائیڈرینٹ قائم کررکھا تھا اوریہاں سے ٹینکروں کو مہنگے داموں پانی فروخت کیاجارہاتھا۔واٹر بورڈ کے اینٹی تھیف سیل کےانچارج ظہیر شیخ کی نگرانی میں واٹر بورڈ کی ٹیم جائےوقوعہ پر پہنچی تو مافیا کےکارندوں نےواٹر بورڈکی ٹیم پر حملہ کردیا،افسران اور اہلکاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایااور پتھرائو کرکے سرکاری گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے۔

بعدازاں واٹر بورڈحکام نے رینجرزکی مدد سے ہائیڈرینٹ مسمارکرکے واقعہ میں ملوث واٹر مافیاکےسرغنہ اور کارندوں کے خلاف مقدمہ درج کردیا۔علاقہ مکینوں نے کامیاب کاروائی پر ایم پی اے فاروق اعوان اورواٹربورڈحکام کاشکریہ اداکیا ہے۔