لاہور: مظفرگڑھ میں غربت اور بیروزگاری سے تنگ شخص نے بیوی اور 7 بچوں کو ٹوکے کے وار کرکے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق قتل کی لرزہ خیز واردات تھانہ صدر علی پور کی حدود موضع مڈ والا میں پیش آیا، واردات کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔بیوی اور بچوں کو قتل کرنے کے بعد ملزم نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں قتل ہونے والے 8 افراد کی نماز جنازہ ادا کرد گئی، جس کے بعد تدفین آبائی علاقے مڈ والا میں کی گئی، نماز جنازہ میں اہل علاقہ سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے علی پور میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
مریم نواز شریف نے سات بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جبکہ مکمل تحقیقات اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا۔