ژوب میں کامیاب آپریشن پر وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا اظہار اطمینان

 

ژوب (اُمت نیوز)وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن پر اظہارِ اطمینان کیا ہے۔

جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے آپریشن کے دوران میجر بابر خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ شہید میجر بابر خان کی شہادت تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے بہادر جوان اپنے خون سے سر زمین کے تحفظ کے عہد کی آبیاری کر رہے ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا مزید کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ذمے داری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اور سیکیورٹی فورسز قیامِ امن کے لیے متحد ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ژوب میں سیکیورٹی فورسز کے خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا تھا۔

فائرنگ کے شدید تبادلہ میں آپریشن کی قیادت کرنے والے میجر بابر خان شہید ہو گئے۔

33 سالہ شہید میجر بابر خان کا تعلق میانوالی سے ہے، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے۔