اسلام آباد:یوم تکبیر کے موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے قوم کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن ہم سب کے لئے یکساں قابل فخر اور لائق اطمینان ہے، نعرہ تکبیر کے نام پر بننے والی مملکت خداداد کے ہر شہری کو یوم تکبیر کی مبارک ہو۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز کو ایٹمی طاقت اور نا قابل تسخیر بنانے والا ہر شخص قابل فخر اور داد تحسین کا مستحق ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ آج سے 26سال پہلے پاکستان کے دشمنوں کے دانت کھٹے ہوئے اور انہیں وہ واضح پیغام گیا جس سے خطے میں طاقت کا تواز ن قائم ہوا جو پاکستان کی بہت بڑی کامیابی تھی۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہمارا دفاع مضبوط تر ہو ا اور پاکستان کے ایٹمی دھماکوں نے دشمن کی ساری خوش فہمی دور کر دی۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ پہلی اسلامی ایٹمی طاقت بننے والی ریاست کی مسلح افواج کے حوصلے مزید بلند ہوئے، ہم سب آج کے دن ایٹمی سائنسدانوں،ماہرین، انجینئرز اور تکنیکی عملے کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ 28مئی کے یوم تکبیرپر ہرشہری کو مادر وطن کی حفاظت کے عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کیونکہ انشاء اللہ پاکستان کی طرف اب کوئی کبھی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔