راولپنڈی (اُمت نیوز)محکمۂ داخلہ نے پنجاب بھر میں نوٹیفائیڈ مویشی منڈیوں کے علاوہ قربانی کے جانور فروخت کرنے پر دفعہ 144 لگا دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
پنجاب کے دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی اور جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول، نالیوں یا کینال میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ صوبے بھر میں اتوار 23 جون تک کیا گیا ہے، دفعہ 144 کا نفاذ امن و امان کے قیام، ماحول اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیا گیا۔
پابندی کا اطلاق ٹریفک کی روانی اور ماحول کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا۔