کشمالہ طلعت نے 25 میٹر پسٹل میں اپنی برتری ثابت کرکے ملک کا نام روشن کیا،فائل فوٹو
کشمالہ طلعت نے 25 میٹر پسٹل میں اپنی برتری ثابت کرکے ملک کا نام روشن کیا،فائل فوٹو

کشمالہ طلعت نے تھائی لینڈ شوٹنگ چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ جیت لیا

لاہور: پاکستان کی کشمالہ طلعت نے تھائی لینڈ شوٹنگ چیمپیئن شپ میں سونے کا تمغہ جیت لیا، گلفام جوزف کے حصے میں سلور میڈل آیا۔

بنکاک میں جاری ایونٹ میں کشمالہ طلعت نے 25 میٹر پسٹل میں اپنی برتری ثابت کرکے ملک کا نام روشن کیا، ان کا مجموعی اسکور 575 رہا۔

ایشین گیمز کی برانز میڈلسٹ کشمالہ طلعت جکارتہ ایشین شوٹنگ چیمپیئن شپ میں سلور میڈل جیت کر پیرس اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔ تھائی لینڈ شوٹنگ چیمپیئن شپ میں شریک دوسرے پاکستانی شوٹر گلفام جوزف نے 10 میٹر ایئرپسٹل میں سلور میڈل اپنے نام کیا ہے۔

کشمالہ کے ساتھ گلفام جوزف بھی پیرس اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، ان کے ساتھ غلام مصطفیٰ بشیر بھی پیرس اولمپکس میں جگہ بنا چکے ہیں۔