بغداد: ایران حملے کیلیے فضائی حدود استعمال کرنے پر عراق اسرائیل کیخلاف اقوام متحدہ پہنچ گیا ہے جہاں عراقی حکومت کے ترجمان باسم علوادی نے کہا ہےکہ صیہونی ریاست نے خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کی جو قابل مذمت ہے ۔
حکومتی ترجمان باسم علوادی نے ایک بیان میں بتایا کہ عراق نے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کو احتجاجی مراسلہ لکھا ،خط میں کہا گیا ہے کہ26اکتوبر کو صیہونی ریاست کی جانب سے اسلامی جمہوریہ ایران پر حملے کیلیے عراقی فضائی حدود استعمال کیا گیا۔
خط میں عراق کی فضائی حدود اور خودمختاری کی صریح خلاف ورزی کی مذمت کی گئی ہے۔ اسرائیل نے چند روز قبل ایران میں فوجی اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے تھے جبکہ اسرائیل کی ڈیفینس فورسز نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ ایرانی حکومت کی جانب سے مہینوں سے جاری حملوں کے جواب میں ایسا کیا گیا۔