ایڈیلیڈ : دوسرے ون ڈے میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر3میچز کی ون ڈے سیریز 1-1 سے برابر کردی،حارث رئوف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے میچ میں کینگروز کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنر صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پاکستان کو 137 رنز کا آغاز فراہم کیا، صائم ایوب نے 82 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ عبداللہ شفیق 64 اور بابراعظم 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے واحد وکٹ ایڈم زمپا کے حصے میں آئی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم 35 اوورز میں 163 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 21 کے مجموعی اسکور پر جیک فریزر-میک گرک 13 رنز بناکر شاہین کا شکار بنے، میتھیو شارٹ بھی 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے تھے۔
آسٹریلوی بیٹر جوش انگلس 18 اور مارنس لبوشین 6، اسٹیو اسمتھ 35، آرون ہارڈی 13، گلین میکسویل 16، پیٹ کمنز 13، ایڈم زمپا 18، مچل اسٹارک ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے تھے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 5 شاہین آفریدی 3 جبکہ محمد حسنین اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔