جنوبی افریقہ (اُمت نیوز)دورۂ جنوبی افریقا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈز پر مشاورت حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز کے اختتام یا پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے بعد اسکواڈز کا اعلان متوقع ہے۔
چیمپئنز ٹرافی کو سامنے رکھتے ہوئے فخر زمان کو ٹیم کی ضرورت قرار دیا گیا ہے، جبکہ ریڈ بال ٹیم کے لیے امام الحق کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
سینئر بیٹرز اور بولرز کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں آرام دیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے سیریز کے لیے مضبوط اسکواڈ ہو گا، بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی واپسی ہو گی جبکہ وائٹ بال ٹیم میں فخر زمان کی واپسی کا قوی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کھلاڑیوں کا کیمپ جنوبی افریقا میں لگانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 3 ون ڈے، 3 ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔