بنارس: وارانسی (بنارس) میں پدم شری ایوارڈ یافتہ اولمپئن محمد شاہد کے مکان کا ایک حصہ سڑک کی توسیع کے منصوبے کے دوران بلڈوزر سے منہدم کر دیا گیا، جس پر مرحوم ہاکی پلیئر کے اہلِ خانہ نے احتجاج کیا ہے۔
سابق سپراسٹار ہاکی کھلاڑی کی بھابھی نازنین کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی معاوضہ نہیں ملا اور نہ ہی ان کے پاس کوئی متبادل جائیدادیا سرچھپانے کی جگہ موجود ہے جبکہ ان کا خاندان اکتوبر میں ہونے والی شادی کی تیاری کر رہا ہے، ہمارے پاس کہیں اور ایک انچ زمین بھی نہیں ہے۔جگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہم سڑک پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
محمد شاہد کی فیملی نے الزام عائد کیا ہے کہ جہاں دیگر مقامات پر سڑک کی چوڑائی 21 میٹر تک محدود رکھی گئی، ان کے علاقے میں اسے 25 میٹر تک بڑھا دیا گیاجو قومی ہیرو کے ساتھ حکام کے ناروا سلوک کا ثبوت ہے۔
محمد شاہد کو بھارتی ہاکی ٹیم کا بہترین فارورڈ مانا جاتا تھا، انہوں نے بھارت کو ماسکو اولمپکس 1980میں گولڈ میڈل جتوایا اور کراچی میں اسی سال کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی میں انہیں بہترین فارورڈ ہونے کا اعزاز ملا تھا، محمد شاہد 2016 میں انتقال کرگئے تھے۔اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نے اس کھیلوں کے ہیرو کے مکان کو منہدم کرنے کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا: ”بی جے پی حکومت نے پدم شری محمد شاہد کا مکان منہدم کر دیا۔ یہ صرف ایک مکان نہیں تھا بلکہ قوم کی کھیلوں کی وراثت کی علامت تھا۔ بی جے پی حکومت، جو کاشی کی سرزمین پر ٹیلنٹ اور معزز شخصیات کی توہین کرتی ہے، عوام اسے کبھی معاف نہیں کریں گے۔”
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos