انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں حالیہ طوفانی سیلاب کے دوران ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک ہاتھی نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر ڈوبتے ہوئے شیر کو بچا لیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا۔
وائرل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیز بہاؤ والے طوفانی پانی میں ایک شیر پھنس گیا تھا، جسے باہر نکلنے میں شدید مشکل کا سامنا تھا۔ اسی دوران ایک ہاتھی نے غیر معمولی ہمت اور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانی میں چھلانگ لگائی اور شیر کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں مدد دی۔
ماہرین کے مطابق جنگلی حیات میں اس نوعیت کا رویہ کم ہی دیکھنے میں آتا ہے، کیونکہ ہاتھی اور شیر عام طور پر ایک دوسرے کے قدرتی حریف سمجھے جاتے ہیں۔ تاہم اس واقعے نے جانوروں میں پائی جانے والی فطری ہمدردی اور احساس کو اجاگر کیا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین اس منظر کو قدرت کی انوکھی مثال قرار دے رہے ہیں، جبکہ کئی افراد اسے انسانوں کے لیے بھی سبق آموز واقعہ بتا رہے ہیں۔ ویڈیو نے نہ صرف انڈونیشیا بلکہ دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos