کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز نے پاکستان کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز اسکور کیے، پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا ہے۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ڈچ ٹیم کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور 28 رنز کی شراکت قائم کی۔ میکس اوڈووڈ 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دوسرے نمبر پر مائیکل لیوٹ محمد نواز کا شکار بنے، انہوں نے 24 رنز اسکور کیے۔ کولن ایکرمین 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ باس ڈی لیڈ نے 30 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد نواز کی دوسری وکٹ بنے۔
پاکستانی بولرز نے مڈل اوورز میں شاندار کم بیک کیا۔ پانچویں وکٹ ابرار احمد نے حاصل کی، جبکہ صائم ایوب نے دو کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا۔ وین ڈر مرفی کو شاہین شاہ آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
آخری اوور میں سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس طرح نیدرلینڈز کی پوری ٹیم 147 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ایک مرحلے پر نیدرلینڈز کا اسکور 160 سے 170 کے درمیان جاتا دکھائی دے رہا تھا، تاہم پاکستانی بولرز نے آخری چھ وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔
پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ باس ڈی لیڈ 30، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ قابل ذکر رہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا میں پہلی بار اس نوعیت کی پچ دیکھ رہا ہوں، ٹیم میں تین فاسٹ بولرز شامل ہیں اور حکمت عملی کے مطابق کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، بابر اعظم، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد شامل ہیں۔
دوسری جانب نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، تاہم پہلے بیٹنگ پر بھی انہیں کوئی اعتراض نہیں۔
واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 20 ٹیمیں چار گروپس میں تقسیم ہیں۔ ایونٹ کے پہلے روز تین میچز کھیلے جا رہے ہیں، جبکہ آج ویسٹ انڈیز کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ اور بھارت کا مقابلہ امریکا سے ہوگا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos