لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو منانے کی کوششیں تیز کردیں۔بھارت سے میچ کھلانے کے جتن شروع کر دیے۔
پاکستان کو بھارت سے میچ کھلانے کے جتن کرتے ہوئے آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے قذافی اسٹیڈیم میں اہم ملاقات کی، جس میں بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی موجود رہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین میں چار گھنٹے کے مذاکرات کے بعد ڈنر بریک کا فیصلہ کیا گیا، ڈنر کے بعد مذاکرات کا مقام بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
رات کے کھانے کے بعد مذاکرات کا دوبارہ آغاز ہوگا، تینوں فریقین نے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کی کوشش کی، بنگلادیش سے زیادتی کا ازالہ ہوگا تو مذاکرات کامیاب ہوں گے، پاکستان کے بھارت سے کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ بعد کی بات ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں مذاکرات کئی گھنٹوں تک جاری رہے، محسن نقوی، عمران خواجہ اور بنگلادیش کرکٹ کے صدر امین الاسلام میٹنگ میں شریک تھے۔
ملاقات کا ایجنڈا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت کے خلاف راؤنڈ میچ کھیلنے پر آمادہ کرنا تھا۔
خیال رہے کہ بنگلادیش کی جانب سے بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں شرکت پر اپنی ٹیم کےلیے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے وینیوز کی تبدیلی کی درخواست کی تھی جسے آئی سی سی نے مسترد کردیا۔
اس پر بنگلادیش نے احتجاجاً ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تو آئی سی سی نے بنگلادیش سے بات کرنے کے بجائے ایونٹ سے بنگلادیش کو نکال کر اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
قبلازیں بعدازاں پاکستان نے کرکٹ کونسل کے اس اقدام کو دہرا معیار قرار دیا اور بنگلادیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کرکے کرکٹ کی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے بھارت کے ساتھ میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام پاکستان پہنچ گئے ہیں، جہاں ٹی20 ورلڈ کپ تنازعے پر مذاکرات متوقع ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر ایڈوائزر ٹو چئیرمین پی سی بی عامر میر نے عمران خواجہ کا استقبال کیا جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کا استقبال پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کیا، اس موقع پر سلمان نصیر نے کہاکہ پاکستان آمد پر معزز مہمان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔
آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام اپنے دورہ پاکستان کے دوران چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کریں گے، اس کے علاوہ صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام دیگر میٹنگز میں بھی شریک ہوں گے۔
خیال رہےکہ پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے لیکن بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنےکا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت کے خلاف 15 فروری کو میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کی کئی وجوہات ہیں تاہم بنگلہ دیش کے حوالے سے آئی سی سی کا جانبدارانہ فیصلہ مرکزی حیثیت رکھتا ہے، حکومت پاکستان اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی دکھانا چاہتی تھی۔
قبل ازیں سری لنکا نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا اور اپیل کی تھی کہ پاکستان بھارت کے ساتھ میچ کا بائیکاٹ نہ کرے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos