پاکستانی نژاد یو اے ای کے اوپنر محمد زوہیب کو بھارت سے دبئی واپس بھیج دیا گیا

 

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستانی نژاد یو اے ای کے اوپنر محمد زوہیب کو ٹیم منیجمنٹ نے بھارت سے دبئی واپس بھیج دیا۔ اماراتی کرکٹ بورڈ کے مطابق محمد زوہیب کو نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کی بنیاد پر واپس بھیجا گیا ہے۔ بورڈ نے کہا کہ معاملے کی مزید تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔

محمد زوہیب نے اپنی ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ ٹیم منیجمنٹ کا تعلق بھارت سے ہے اور پاکستانی ہونے کی وجہ سے انہیں ٹیم سے باہر نکالا گیا۔ انہوں نے اماراتی کرکٹ بورڈ سے معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

زوہیب نے بتایا کہ پریکٹس کے دوران انہیں گراؤنڈ سے نکال کر کہا گیا کہ وہ اپنی والدہ کی صحت کا بہانہ بنا کر واپس دبئی چلے جائیں۔ انکار کرنے پر انہیں دھمکیاں دی گئیں اور ہوٹل بکنگ منسوخ کرنے کی بات کہی گئی، تاکہ وہ خود خرچ پر رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں کوئی غیر قانونی کام کرتے ہوئے نہیں پایا گیا اور ٹیم سے واپس بھیجنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ بھارتی ائیرپورٹ سے ویڈیو بیان میں زوہیب نے اپیل کی کہ ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے اور اس معاملے کی شفاف انکوائری کی جائے۔

زوہیب کا کہنا تھا کہ وہ یو اے ای کی نمائندگی کر رہے ہیں اور پاکستانی یا بھارتی پس منظر کی بنیاد پر ٹیم منیجمنٹ کا یہ رویہ درست نہیں ہے، اور وہ اپنی آواز بلند کریں گے، چاہے انہیں نقصان ہی کیوں نہ ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔