برداشت ختم ہو گئی ، اب میں پارلیمانی پارٹی کا حصہ نہیں ، جنید اکبر کا اعلان
بولنے کی کوشش کی لیکن موقع نہیں دیا گیا، ہم کیا یہاں چھولے کھانے آتے ہیں۔
پشاور: صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے کہا ہے کہ میری برداشت ختم ہوگئی میں اب سے پارلیمانی پارٹی کا حصہ نہیں۔
جنید اکبر کاپارلیمانی پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں دیا گیا پیغام سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ میں اب سے چیف وہپ کو مانتا ہوں نہ ہی پارلیمانی لیڈرکو، میں رمضان میں بولا تھا بجٹ پر بات کی، اب بولنے کی کوشش کی لیکن موقع نہیں دیا گیا، ہم کیا یہاں چھولے کھانے آتے ہیں ہر بات پر چند لوگوں نے ہی بولنا ہوتا ہے۔جنید اکبر نے کہا کہ یہ چیف وہپ کون ہوتا ہے فیصلے کرنے والا کہ روزانہ کون بولے گا، کوئی طریقہ ہے کوئی انسانیت ہے آپ لوگوں میں، یہ کیا طریقہ ہے کہ وہ بولیں گے اور ہم ڈیسک بجائیں گے، کسی میں ہمت نہیں دہشت گردی پر پوچھ سکے، ایوان میں محسن نقوی کیوں نہ آئے۔
انہوں نے کہا کہ اتنی ہمت نہیں کہ سچ بولیں اور روزانہ چہرے دکھانے آجاتے ہیں، میں آج سے اس پارلیمانی پارٹی اور آپ لوگوں کا حصہ نہیں ہوں، میں اب آزاد حیثیت سے آگے بڑھوں گا، سپیکرسے بات کروں گا، اب مجھے آپ لوگوں کے ساتھ نہیں بیٹھنا۔جنید اکبر نے مزید کہا کہ آج کے بعد میں آزاد پوزیشن میں ہوں گا، سپیکر کو خط لکھوں گا کہ پی ٹی آئی سے الگ نشست دیں، میری اب برداشت ختم ہوگئی ہے، آج کے بعد پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں ہوں، پارلیمانی سمیت کسی لیڈر کو نہیں مانتا۔