لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11 ویں ایڈیشن کے پلیئرز آکشن کا سلسلہ جاری ہے، جس میں پی ایس ایل کی آٹھ ٹیمیں اپنا 16 سے 20 رکنی اسکواڈ مکمل کریں گی۔ اس سال پلیئرز آکشن میں 800 سے زائد ملکی اور غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ ہیں۔
آکشن کے دوران اسلام آباد یونائیٹڈ نے آل راؤنڈر فہیم اشرف کے لیے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے کی سب سے بڑی بولی لگا کر انہیں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا، جبکہ سابق کپتان عماد وسیم کو کسی ٹیم نے خرید نہیں کیا۔ اسی طرح آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔
سابق جنوبی افریقی کھلاڑی رائیلی روسو کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا۔ تاہم حسین طلعت، سعود شکیل اور احسان اللہ کو کسی ٹیم نے نہیں خریدا۔
ٹیموں کو اپنے اسکواڈ مکمل کرنے کے لیے 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بجٹ فراہم کیا گیا ہے۔ موجودہ صورتحال کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس 34 کروڑ 60 لاکھ روپے باقی ہیں، کراچی کنگز کے پاس 32 کروڑ 26 لاکھ روپے، جبکہ لاہور قلندرز کے پاس کھلاڑی خریدنے کے لیے 31 کروڑ 36 لاکھ روپے موجود ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos