نئی دہلی: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے 20ویں میچ میں یو اے ای نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کینیڈا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں یو اے ای نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے کینیڈا کے خلاف آخری اوور میں فتح حاصل کی۔
کینیڈا کی جانب سے دیا گیا 151 رنز کا ہدف یو اے ای نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر حاصل کیا۔
ایک موقع پر سعد بن ظفر کی تین وکٹوں کے باعث کینیڈا واضح برتری میں دکھائی دے رہا تھا، تاہم شعیب خان کی 28 گیندوں پر ففٹی نے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
تجربہ کار بولر جسکرن سنگھ کے آخری اوور میں یو اے ای کو جیت کے لیے 8 رنز درکار تھے، اوور کی پہلی ہی گیند پر اریانش شرما نے ڈیپ مڈ وکٹ کے اوپر سے شاندار چھکا جڑ دیا، اگلی گیند پر سنگل لیکر شعیب خان کو موقع دیا مگر انہوں نے شارٹ بال کو ہوا میں اچھال دیا جو مڈ آن پر کرٹن کے ہاتھوں کیچ ہو گیا، جس کے بعد اگلی گیند پر محمد عرفان نے جسکرن سنگھ کو مڈ وکٹ کے اوپر سے چوکا مار کر میچ ختم کر دیا۔
اوپنر اریانش شرما نے ناقابلِ شکست 74 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر جیت میں اہم کردار ادا کیا، جنید صدیقی کو 5وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔
اس فتح کے ساتھ ہی یو اے ای کیمپ میں جشن کا سماں ہے، کیونکہ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں یو اے ای کی آٹھ میچز میں محض دوسری کامیابی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos