ٹی 20 ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز نے نیپال ،امریکا نے نمیبیا کو ہرا دیا

February 15, 2026 · اسپورٹس
فوٹو سوشل میڈیا

ممبئی: ٹی 20 ورلڈکپ میں اآج کھیلے گئے میچوں میں ویسٹ انڈیز نے نیپال  اورامریکا نے نمیبیا کو ہرا دیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ میچ میں ویسٹ انڈیز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے 25 ویں گروپ میچ میں نیپال نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 134 رنز کا ہدف دے دیا۔

نیپال کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے، دیپندرا سنگھ ایری نے 58 رنز کی اننگز کھیلی، لوکیش بام 13، آصف شیخ 11، گلثن جا 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے، چار کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے، جبکہ سومپل کامی 26 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4 جبکہ عاکل حسین، میتھیو فورڈی، شیمر جوزف اور روسٹن چیس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز نے نیپال کی جانب سے دیا گیا 134 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

ویسٹ انڈیز اپنے پہلے دو میچز میں انگلینڈ اور سکاٹ لینڈ کو شکست دے چکا ہے جبکہ نیپال کو اپنے دو میچز میں اٹلی اور انگلینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے، اس سے قبل جنوبی افریقا کی ٹیم بھی 3 میچز جیت کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

 امریکا نے نمیبیا کو 31 رنز سے شکست دے دی

دوسرے میچ میں آئی سی سی ورلڈ کپ کے 26 ویں میچ میں امریکا نے نمیبیا کو 31 رنز سے شکست دے دی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں 200 رنز کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بناسکی۔

نمیبیا کی طرف سے لورین اسٹینکمپ 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

قبل ازیں امریکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

موناک پٹیل 52 اور سنجے کرشنامورتھی ناقابل شکست 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔ شایان جہانگیر نے 22، سائی تیجا موکالما 17 میلیند کمار نے 28 رنز بنائے۔ شبھم رانجنے 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نمیبیا کی طرف سے ویلم مائی برگ اور گیرہارڈ ایراسمس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔