سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ کی سروس متعدد ممالک میں معطل

February 16, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

نیویارک: ایلون مسک کی ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی سروس پیر کے روز دنیا کے متعدد ممالک میں اچانک تعطل کا شکار ہوگئی، جس کے باعث لاکھوں صارفین کو ایپ اور ویب سائٹ تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

سروس میں مسائل کا آغاز پیر کی صبح (بین الاقوامی وقت کے مطابق) ہوا، جس کی تصدیق آؤٹ پیز پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر (Downdetector) نے بھی کی۔ رپورٹ کے مطابق، امریکہ، برطانیہ، بھارت اور پاکستان سمیت کئی ممالک سے ہزاروں صارفین نے شکایات درج کرائیں۔

 صارفین کے مطابق ویب سائٹ کھولنے پر صرف کمپنی کا لوگو (X) نظر آ رہا ہے اور باقی اسکرین مکمل طور پر خالی (Blank) رہتی ہے۔

موبائل ایپ استعمال کرنے والوں کو اپنی فیڈ لوڈ کرنے، نئی پوسٹس شیئر کرنے اور سرچ کے عمل میں دشواری کا سامنا ہے۔ اسکرین پر “Something went wrong” جیسے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

صارفین نے ایپ اور ویب سائٹ پر پلیٹ فارم لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنے کی شکایات کی ہیں۔ صارفین کے مطابق ویب سائٹ کھولنے پر کمپنی کے لوگو کے علاوہ کچھ بھی لوڈ نہیں ہو رہا ہے۔

کمپنی کی جانب سے ابھی تک اس بڑے تکنیکی تعطل کی کوئی باقاعدہ وجہ بیان نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ سروس مکمل طور پر کب تک بحال ہو پائے گی۔ تاہم، بعض ماہرین کا خیال ہے کہ یہ مسئلہ سرور میں کسی بڑی خرابی یا بیک اینڈ اپ ڈیٹ کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔