ٹی 20 ورلڈ کپ، نیپال نے ایونٹ میں پہلی کامیابی سمیٹ لی
ممبئی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں نیپال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی تاریخی کامیابی سمیٹ لی۔
گروپ سی کا یہ مقابلہ ممبئی میں کھیلا گیا جہاں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے، مائیکل جونس 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
171 رنز کے تعاقب میں نیپال نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ہدف آخری اوور میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دیپندرا سنگھ نے 50 رنز کی اہم اننگز کھیلی جبکہ کوشل بھرتل 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آصف شیخ نے 33 اور گلشن جھا نے 24 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔
اس فتح کے ساتھ نیپال نے 2014 کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پہلی بار کامیابی حاصل کی۔ تاہم گروپ سی سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز پہلے ہی سپر 8 مرحلے میں جگہ بنا چکے ہیں جبکہ اس میچ کے بعد اسکاٹ لینڈ اور نیپال دونوں کا ایونٹ میں سفر اختتام کو پہنچ گیا۔