پاکستان نے نمیبیا کو شکست دے کر سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرلیا

February 18, 2026 · اسپورٹس, اہم خبریں

ٹی20 ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کولمبو میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور نمیبیا کو 200 رنز کا ہدف دیا۔ کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستانی اننگز کی نمایاں کارکردگی صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری رہی۔ انہوں نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز اسکور کیے، جس میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ شاداب خان نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 22 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 14، سلمان علی آغا 38 اور خواجہ نافع 5 رنز بنا سکے۔

ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور 17.3 اوورز میں 97 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 3 جبکہ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

صاحبزادہ فرحان کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ وہ گروپ مرحلے کی چار اننگز میں مجموعی طور پر 220 رنز اسکور کرچکے ہیں۔

سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا سے ہوگا۔ پاکستان 21 فروری کو نیوزی لینڈ، 24 فروری کو انگلینڈ اور 28 فروری کو سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گا۔

میچ سے قبل کپتان سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم پر کسی قسم کا دباؤ نہیں اور کھلاڑی مکمل طور پر تیار ہیں۔ ٹیم میں اس میچ کے لیے دو تبدیلیاں کی گئیں، شاہین آفریدی اور ابرار احمد کی جگہ سلمان مرزا اور خواجہ نافع کو شامل کیا گیا۔