ایڈہاک صدر پی ایچ ایف نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی کپتان ہاکی ٹیم پر پابندی ختم کردی

February 20, 2026 · اسپورٹس
فائل فوٹو

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہیں کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ پر عائد پابندی ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور کہا کہ ابھی جو بھی اقدام کروں گا وہ شارٹ ٹرم بنیادوں پر کروں گا، ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیےہنگامی بنیادوں پر اقدامات شروع کر دیے ہیں، اعتماد کی بحالی اور ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل نو پرکام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوچنگ اور ٹریننگ کے نظام میں بہتری اور ادارہ جاتی روابط کو مضبوط بنانا جائے گا، کھلاڑی صرف ٹریننگ اورمیچز پرتوجہ دیں، انتظامی امور فیڈریشن سنبھالےگی، تمام فیصلے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔

محی الدین وانی نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ کے لیے وقت بہت کم رہ گیا ہے، اس لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، آج یا کل سے تربیتی کیمپ کا آغاز کر دیا جائے گا، کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی ہٹانے کا اعلان کرتا ہوں، کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ہاکی کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کروں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سابق صدر طارق بگٹی نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر پابندی عائد کرکے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی کا استعفیٰ منظور کیا تھا۔

حکومتی فیصلے کے تحت محی الدین احمد وانی سیکرٹری وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کو فیڈریشن کا ایڈہاک صدر مقرر کیا گیا تھا۔