برازیلی فٹبالر کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا،عمرے کی سعادت بھی حاصل

ریو ڈی جنیرو / سعودی عرب:برازیل کی معروف فٹبال کھلاڑی کیتھلین سوزا نے اسلام قبول کر لیا ہے اور اس کے بعد انہوں نے عمرہ ادا کرنے کی سعادت بھی حاصل کی۔

کیتھلین سوزا سعودی عرب کی خواتین فٹبال ٹیم النصر کی نمائندگی کرتی ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ زندگی میں صحیح راستہ تلاش کرنے، مثبت تبدیلی لانے اور اپنی بہترین شخصیت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا: “چھوٹے قدم، صحیح راستہ تلاش کرنا، تبدیلی کی کوشش اور زندگی کے انعام کے لیے شکرگزاری”۔

النصر خواتین کلب نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وہ کیتھلین سوزا کے اس خاص لمحے کو سب کے ساتھ بانٹ رہے ہیں جب انہوں نے اسلام قبول کیا اور دعا کی کہ اللہ انہیں استحکام اور دل کو سکون عطا کرے۔

کیتھلین سوزا نے فٹبال کھیلنے کی ابتدا برازیل میں کی، اور مختصر عرصے کے لیے سانتوس ایف سی کی یوتھ ٹیم کا حصہ رہیں۔ بعد ازاں امریکہ کی یونیورسٹی آف لوئیزویل اور یونیورسٹی آف سینٹرل فلوریڈا سے تعلیم حاصل کی اور وہاں بھی یونیورسٹی سطح پر فٹبال کھیلیں۔

گزشتہ دو سال سے کیتھلین سعودی عرب کے کلب النصر کی ممبر ہیں، اور سعودی عرب میں قیام کے دوران اسلامی اقدار سے متاثر ہو کر انہوں نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔