ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو نیا الٹی میٹم دے دیا،امریکی طیارے متحرک

February 21, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو ممکنہ معاہدے کے لیے محدود مدت کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مقررہ وقت میں پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں سخت اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران کو 10 سے 15 روز کے اندر معاہدے پر آمادگی ظاہر کرنے کا وقت دیا ہے۔ اسی تناظر میں یورپ میں تعینات امریکی فضائیہ کے طیاروں نے مبینہ طور پر اپنی پوزیشنیں سنبھال لی ہیں، جن میں پرتگال کے فضائی اڈے بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی دفاعی حکام نے خطے کی صورتحال پر قریبی نظر رکھتے ہوئے عسکری تیاریوں میں اضافہ کیا ہے، تاہم باضابطہ طور پر کسی ممکنہ کارروائی کی تصدیق نہیں کی گئی۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف محدود نوعیت کی کارروائی پر غور کر سکتا ہے۔ بعض تجزیہ کاروں کے مطابق کسی بھی ممکنہ اقدام کے خطے کی سلامتی اور عالمی منڈیوں پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

ایرانی حکام کی جانب سے تاحال امریکی بیان پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دن خطے کی صورتحال کے لیے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔