صومالیہ کی پاکستان سے 24 جے ایف 17طیارے خریداری میں پیش رفت

February 22, 2026 · بام دنیا

اسلام آباد: صومالیہ اور پاکستان کے درمیان 24 جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لیے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، جس کے تحت 2 کھرب 51 ارب روپے (تقریباً 900 ملین ڈالر) مالیت کے دفاعی معاہدے پر غور کیا جا رہا ہے۔

صومالیہ اپنی فضائی جنگی صلاحیت کی بحالی کے لیے پاکستان سے جدید لڑاکا طیارے حاصل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح مذاکرات کر رہا ہے۔ مجوزہ معاہدے کے تحت جے ایف 17 تھنڈر کے جدید بلاک تھری ورژن کی خریداری پر بات چیت ہو رہی ہے، جسے 1991 میں ریاستی انہدام کے بعد موغادیشو کی پہلی بڑی فضائی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

صومالی میڈیا کے مطابق مذاکرات میں نہ صرف طیاروں کی خریداری بلکہ پائلٹ تربیت، ہتھیاروں کے انضمام اور لاجسٹکس پیکج بھی شامل ہیں۔ ممکنہ مالی معاونین میں سعودی عرب اور ترکی بھی شامل ہیں۔

پاکستان نے پہلے میانمار، نائجیریا اور آذربائیجان کو جے ایف 17 فروخت کیے ہیں، جبکہ بنگلادیش اور عراق بھی اس لڑاکا طیارے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ یہ معاہدہ طے پانے کی صورت میں موغادیشو کی سرد جنگ کے بعد سب سے بڑی دفاعی خریداری ہوگی اور افریقہ میں سکیورٹی ڈھانچے میں نمایاں تبدیلی کا اشارہ دے گی۔