ایران کے امریکی اڈوں پر حملے، خلیجی ممالک دھماکوں سے گونج اٹھے، اسرائیل بھی نشانہ
متحدہ عرب امارات میں ایک شخص ہلاک ہوگیا، دبئی ایئرپورٹ پر پروازیں منسوخ
امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملوں آپریشن Epic Fury کے جواب میں ایران نے بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے ہیں۔
ایران نے اپنی جوابی کارروائی کو “فتحِ خیبر” کا نام دیا ہے اور اس دوران اس نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی اڈوں اور اسرائیل کو نشانہ بنایا ہے۔
بحرین: امریکی بحریہ کے پانچویں بحری بیڑے (US 5th Fleet) کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا گیا۔
قطر: العدید ایئر بیس (Al-Udeid Air Base) کے قریب زوردار دھماکے سنے گئے۔کویت: السالم ایئر بیس (Al-Salem Air Base) کو نشانہ بنایا گیا، جہاں ایک اطالوی فوجی اڈے اور رن وے کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
متحدہ عرب امارات: الظفرہ ایئر بیس (Al-Dhafra Air Base) کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
ایران نے اسرائیل کے اندر بھی حملے کیے ہیں۔ شمالی اسرائیل، حیفہ اور یروشلم کی فضائوں میں میزائلوں کے گرنے اور انٹرسیپشن (فضا میں تباہ کیے جانے) کی اطلاعات ہیں۔ ملک بھر میں سائرن بجائے گئے اور شہری شیلٹرز میں منتقل ہو گئے۔
ادھر اردن کی فضائی حدود میں بھی میزائلوں کو روکنے کے دوران دھماکے رپورٹ ہوئے۔
ایرانی حملوں میں نقصانات
متحدہ عرب امارات (ابوظہبی) میں ایک میزائل کے ملبے (Shrapnel) کی زد میں آکر ایک ایشیائی شہری کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ کویت میں اطالوی اہلکار محفوظ رہے ہیں۔
کویت میں ایک فوجی اڈے کے رن وے کو “نمایاں نقصان” پہنچا ہے۔ ابوظہبی کے رہائشی علاقوں میں میزائلوں کا ملبہ گرنے سے مادی نقصان ہوا ہے۔
کشیدگی کے باعث ایران، اسرائیل، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔
دبئی ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ ہوگئی ہیں۔